نئی دہلی،28؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ای ڈی نے مبینہ طور پر پیسے لیتے ہوئے کیمرے میں قید ہوئے ترنمول کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ اور وزراء سمیت کئی لیڈروں سے منسلک ناردااسٹنگ آپریشن کے سلسلے میں منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا ہے۔ای ڈی کے حکام نے کہا کہ سی بی آئی کی ایف آئی آر کی بنیاد پر منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے )کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے گی اور ملزمان کو پوچھ گچھ کے لیے جلد ہی سمن بھیجے گی۔سی بی آئی کی مجرمانہ ایف آئی آر میں ٹی ایم سی کے 13لیڈروں کے نام درج ہیں۔سی بی آئی نے راجیہ سبھا رکن مکل رائے، لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ سلطان احمد، سوگت رائے، کاکولی گھوش دستی دار اور اپروپا پودار سمیت دیگر کے خلاف مبینہ مجرمانہ سازش اور بدعنوانی کا معاملہ درج کیا ہے۔مغربی بنگال میں 2016کے اسمبلی انتخابات سے پہلے نیوز چینلوں پر نشر کئے گئے ناردا اسٹنگ آپریشن میں سینئر ٹی ایم سی لیڈروں جیسے نظر آنے والے لوگ مبینہ طور پر پیسے لیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ممتا بنرجی کی قیادت والی ٹی ایم سی نے سیاسی انتقام کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی اس کے لیڈروں کو نشانہ بنانے کے لیے مودی حکومت کے اشارے پر کام کر رہی ہے۔